بنگلورو،2؍جولائی (ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے آج ریاست کرناٹک کے مسلمانوں سے کہا ہے کہ مسلمانوں کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ کانگریس ہی کی وجہ سے کرناٹک میں بی جے پی اقتدار پر آئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس دوبارہ اقتدارپر نہیں آئے گی۔ اب مستقبل علاقائی پارٹیوں کا ہے۔اس ضمن میں انہوں نے حال ہی میں چند ریاستوں جن میں مغربی بنگال، تمل ناڈو اور کیرلا شامل ہیں کا حوالہ دیا جہاں علاقائی پارٹیاں کامیاب ہوئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت کرناٹک میں اگر بی جے پی اقتدار میں ہے تو اس کے لئے کانگریس ذمہ دار ہے۔ میرے مسلم بھائیوں کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ریاست میں بی جے پی اقتدار پر آنے کے لئے جے ڈی ایس کانگریس ہی ذمہ دار ہے۔ ہانگل کے مقامی لیڈر قادر شیخ کو ان کی پارٹی میں شامل ہونے کا خیر مقدم کرتے ہوئے یہاں پارٹی کے دفتر جے پی بھون میں کمارسوامی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
ہانگل اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی سی ایم اداسی کا 6ماہ قبل دیہانت ہوجانے سے اس حلقہ میں ضمنی انتخاب ہوناباقی ہے۔جے ڈی ایس لیڈر نے کہا کہ کانگریس تنہا اقتدار میں آنے کی اس وقت طاقت نہیں رکھتی۔ہمارے مسلم بھائیوں کو اس حقیقت کو جانناچاہئے ورنہ آپ کے ساتھ سیاسی کھلواڑ ہوتا رہے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2013میں کانگریس کو اس لئے اکثریت ملی کیونکہ بی جے پی تین حصوں میں تقسیم ہوگئی تھی۔ ایک اصل بی جے پی دوسرے گروپ کی قیادت بی ایس ایڈی یورپا کررہے تھے اور تیسرے گروپ کی قیادت بی۔سری راملو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار پر آنے سے قبل ہی پارٹی میں اگلے وزیراعلیٰ کے امیدوار سے متعلق اختلافات شروع ہوگئے ہیں۔کانگریس میں اندرونی اختلافات ختم نہیں ہوں گے۔